ثبوت وفات مسیح از سورۃ الحشر آیت 8
مَآ اٰتٰکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ وَمَا نَھٰکُمْ عَنْہُ فَانْتَھُوْا۔ (الحشر:8)
ترجمہ: اور رسول جو تمہیں عطا کرے تواسے لے لواور جس سے تمہیں روکےاُس سے رک جاؤ۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’یعنی رسول جو کچھ تمہیں علم و معرفت عطا کرے وہ لے لو اور جس سے منع کرے وہ چھوڑ دو۔ لہذا اب ہم اس طرف متوجہ ہوتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بارہ میں کیا فرمایا ہے۔ سو پہلے وہ حدیث سنو جو مشکٰوۃ میں ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے اور وہ یہ ہے۔
وعنہ قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم اعمارامتی ما بین الستین الی السبعین واقلہم من یجوز ذالک رواہ الترمذی وابن ماجہ۔
یعنی اکثر عمریں میری اُمّت کی ساٹھ سے ستّر برس تک ہوں گی۔ اور ایسے لوگ کمتر ہوں گے جو ان سے تجاوز کریں۔ یہ ظاہر ہے کہ حضرت مسیح ابن مریم اس اُمّت کے شمار میں ہی آگئے ہیں۔ پھر اتنا فرق کیونکرممکن ہے کہ اَور لوگ ستّر برس تک مشکل سے پہنچیں اور اُن کا یہ حال ہو کہ دو ہزار کے قریب ان کی زندگی کے برس گذر گئے اوراب تک مرنے میں نہیں آتے۔ بلکہ بیان کیاجاتاہے کہ دنیا میں آکر پھر چالیس40 یا پینتالیس 45 برس زندہ رہیں گے ۔
پھر دوسری حدیث مسلم کی ہے جو جابر سے روایت کی گئی ہے او ر وہ یہ ہے۔
وعن جابر قال سمعت النبی ﷺ یقول قبل ان یموت بشھرٍ تسئلونی عن الساعۃ وانما علمھا عند اللہ و اقسم باللہ ما علی الارض من نفسٍ منفوسۃ یاتی علیھا مائۃ سنۃ وھی حیۃ۔ رواہ مسلم
اور روایت ہے جابر سے کہا کہ سُنا میں نے پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے جو وہ قسم کھا کر فرماتے تھے کہ کوئی ایسی زمین پر مخلوق نہیں جو اس پر سو برس گذرے اور وہ زندہ رہے۔ اس حدیث کے معنے یہ ہیں کہ جو شخص زمین کی مخلوقات میں سے ہو وہ شخص سو برس کے بعد زندہ نہیں رہے گا۔او ر ارض کی قید سے مطلب یہ ہے کہ تا آسمان کی مخلوقات اس سے باہر نکالی جائے۔ لیکن ظاہر ہے کہ حضرت مسیح ابن مریم آسمان کی مخلوقات میں سے نہیں بلکہ وہ زمین کی مخلوقات اور ما علی الارض میں داخل ہیں۔ حدیث کا یہ مطلب نہیں کہ اگر کوئی جسم خاکی زمین پر رہے تو فوت ہوجائے گا اور اگر آسمان پر چلاجائے تو فوت نہیں ہوگا۔ کیونکہ جسم خاکی کا آسمان پرجانا تو خود بموجب نص قرآن کریم کے ممتنع ہے۔ بلکہ حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جو زمین پر پید ا ہوا اور خاک میں سے نکلا وہ کسی طرح سو برس سے زیادہ نہیں رہ سکتا۔‘‘
(ازالہ اوہام۔ روحانی خزائن جلد 3صفحہ 436تا437)
ثبوت وفات مسیح از سورۃ بنی اسرائیل آیت 94
قُلْ سُبْحَانَ رَبِّیْ ھَلْ کُنْتُ اِلَّا بَشَرًا رَّسُوْلًا (بنی اسرائیل:94) ترجمہ: تو کہ…